بنگلورو،8؍ ستمبر (ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کو بوتھ لیول پر مضبوط کرنے کے لئے پارٹی اراکین کو آر ایس ایس کے انداز میں تربیتی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی کو کیڈر بیس کے ذریعے مستحکم کرنے کے لئے کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار نے کوششیں شروع کی ہیں۔ اس کے تحت بوتھ لیول پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا کام کیا گیا ہے۔ ریاستی لیڈروں نے محسوس کیا ہے کہ بی جے پی کا مقابلہ صحیح ڈھنگ سے کرنے کے لئے کانگریس کارکنان کومناسب تربیت دینا لازمی ہے۔ اس لئے ایک ہفتے کا تربیتی کیمپ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آر ایس ایس میں اپنے رضاکاروں کوہرسال ایک ہفتے کا کیمپ منعقدکرتے ہوئے دیش بھکتی،ثقافت اور قومی ہیروز کے بارے میں خصوصی معلومات فراہم کرنے کے علاوہ لیڈر شپ سے متعلق ابتدائی تربیت دینے کا نظام موجود ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اب کانگریس نے بھی اسی پیٹرن پر اپنے ’سیوادَل‘ کارکنان کی تربیت کرنے کا راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کےبنیادی نظریات، پارٹی کی تاریخ، ملک کی تاریخ ، سالمیت،تمام باشندوں کے لئے برابری کامقام جیسے موضوعات پر کارکنان کے لئے تربیت کیمپ منعقد کرنے کی غرض کے پی سی سی کے ورکنگ پرسیڈنٹ ستیش جارکیہولی کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ستیش جارکیہولی ریاست کا دورہ کرتے ہوئے ضلع سطح پرتمام کانگریسی لیڈروں سے ملاقاتیں کریں گے اور مقامی سطح پر پارٹی کی صورت حال اور مسائل کا جائزہ لیں گے اور ان سے صلاح و مشوہ کریں گے ۔
بتایا جاتا ہے کہ پنچایت سطح پردلچسپی رکھنے والے کارکنان کو ان کی معلومات اور صلاحیت کی بنیاد پر نامزد کرنے کے بعددوسرے مرحلے میں ودھان سبھا سطح پر نامزدگی ہوگی جس کے بعد ضلع سطح پر ایک ہفتے کی تربیت دینے کے بعد 50کارکنان کو منتخب کرکے ایک ہفتے تک قیا م وطعام کے ساتھ تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کیمپ منعقد کرنے کے لئے ریاست میں دو مقامات پر تربیتی مراکز قائم ہونگے ۔ فی الحال شمالی کرناٹکا کے بیلگاوی ضلع میں ’این ایس ہرڈیکر بھون‘کو اس مقصدکے لئے پوری طرح تیار کیا جارہا ہے۔جبکہ کمیٹی کے صدر ستیش جارکیہولی نے بتایا کہ اس تربیتی مرکز کا افتتاح 2اکتوبر کو ہوگا۔دوسرا مرکز جنوبی کرناٹکا میں قائم پر غور ہورہا ہے مگر مقا م کا ابھی تعین نہیں ہواہے۔
پارٹی کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جب راجیو گاندھی وزیر اعظم تھے تو اس وقت ایک ضابطہ بنایا گیا تھا کہ پارٹی میں کوئی بھی عہدہ پانے کے لئے لازمی طور پر اس امیدوار کو سیوا دل میں ایک ہفتے کی تربیت سے گزرنا ہوگا۔ اب اسی اصول کو پھر سے لاگو کرنے پر پارٹی کے اندر غور وخوض ہورہا ہے۔یہ بات بھی سننے میں آرہی ہے کہ پارٹی کے اراکین اسمبلی ، اراکین پارلیمان کے لئے ایسے کیمپ میں شرکت لازمی قرار دئے جانے کا بھی مطالبہ پارٹی کے اندر سر اٹھا رہا ہے۔ پارٹی میں جلد ہی ان دونوں پہلوؤ ں پر جلد ہی قطعی فیصلہ ہونے کے امکانات ہیں۔